دبئی ایئرپورٹ پر تعطیلات کے دوران مسافروں کی بھرمار۔۔۔ ریڈ الٹ جاری
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیاحتی سیزن کے عروج پر 3.7 ملین سے زیادہ مسافروں کی آمد متوقع ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کو 12 سے 25 جون کے درمیان اوسطا یومیہ 2 لاکھ 64 ہزار مسافروں کا خیرمقدم کرنے کی امید ہے جبکہ 22 جون دبئی ایئرپورٹ کا سب سے مصروف ترین دن ہوگا۔ اس دن مسافروں کی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کرسکتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جو بین الاقوامی مسافروں کی تعداد کے حوالے سے دنیا کا مصروف ترین ہے۔ عید اور سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران مسافروں کی تعداد میں متوقع اضافے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کیے ہوئے ہے۔
دبئی ایئرپورٹ کی ترجیح سفری طریقہ کار تیز کرنا ہے تاکہ مسافر دبئی ایئرپورٹ پر متوقع پیشکشوں سے فائدہ اٹھانے کےلیے کافی وقت مل سکے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے فلائی دبئی کے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پرواز سے چار گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی کوشش کریں۔ انتظامیہ نے دیگر ایئرلائنز کے مسافروں کو بھی 3 گھنٹے سے پہلے پہنچنے کا مشورہ دیا ۔
دبئی ایئرپورٹس کا کہنا ہے کہ بارہ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے مسافر سمارٹ گیٹ کا استعمال کرسکتے ہیں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے ہینڈ بیگیج میں موبائل فون کے چارجر اور پاور بینک ہمراہ رکھیں تاکہ مسائل کا شکار نہ ہوں۔
ایئرپورٹ آمد ورفت کے لیے ٹرمینل ون اور تھری کے درمیان دبئی میٹرو کے استعمال کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔