آئینی ترامیم کیلیے ہمارے بندے ان کے ہاتھ نہیں آئیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم کیلیے ہمارے بندے ان کے ہاتھ نہیں آئیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اس ملک میں جتنی آئینی ترامیم ہوئیں کسی حکومت کے پاس دوتہائی اکثریت نہیں تھی، 1984 کے بعد کسی جماعت کے پاس دوتہائی اکثریت نہیں آئی۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ آئینی ترامیم کیلیے حکومت کی ٹائمنگ درست نہیں، یہ ججز کے تبادلے کیلیے جو آئینی ترامیم لانا چاہتے ہیں عدلیہ پر حملہ ہوگا، آئینی ترامیم کے ذریعے یہ عدلیہ کو آئسولیٹ کرنا چاہتے ہیں، آئینی ترامیم کیلیے اس حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہمارا مؤقف یہی ہے کہ آئینی ترامیم کا مسودہ ہمارے سامنے نہیں، ہفتے کو پارلیمانی کمیٹی میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترامیم پر بریفنگ دی جب ہم نے کہا کہ تحریری مسودہ دیں جو ان کے پاس نہیں تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئینی ترامیم پر حکومت کو غلط فہمی ہو رہی ہے، جس وقت یہ ووٹنگ کیلیے بلائیں گے ان کے اپنے بندے ووٹ نہیں دیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب سے حکومت کے ایم این ایز کہہ رہے ہیں کہ ضمیر کے مطابق ہی ووٹ دیں گے۔