وزیراعظم کا اسلام آباد پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار اور پانچ اکتوبر کو ایک صوبے نے وفاق پر حملہ کیا جو غیرقانونی اور غیرآئینی تھا۔
انہوں نے کہا کہ حملے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں، ایک طرف ترقی اور خوشحالی کے منصوبے، دوسری طرف وفاق پر حملے کیے جارہے ہیں جو ناقابل برداشت ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں، پنجاب پولیس کے برابر کرنے، انتظامیہ اور پولیس افسران کو دیگر صوبوں کی طرح ایگزیکٹو الاؤنس دینے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ 2022 میں بھی وزارت داخلہ کی جانب سے وزارت خزانہ کو سمری بھیجی گئی تھی جس میں اسلام آباد پولیس کو پنجاب پولیس کے برابر تنخواہ کی ادائیگی کے لیے اجازت طلب کی گئی تھی۔
سمری میں لکھا گیا تھا کہ اسلام آباد پولیس امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم کردار اداکررہی ہے جبکہ فسادی ہجوم اور دہشت گردانہ کارروائیوں کا مقابلہ بھی کررہی ہے۔