ایک اور شرمناک کارکردگی، ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف اننگ اور 47 رنز سے شکست
پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگ اور 47 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں اور رسوائی کا سلسلہ دراز ہوگیا۔ انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو اننگ اور 47 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوگئی ہے۔ مہمان ٹیم نے اس فتح کے ساتھ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
جیتی بازی ہارنا کوئی پاکستانی ٹیم سے سیکھے جس نے ملتان ٹیسٹ کا اچھا آغاز کیا اور پہلی اننگ میں 556 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا لیکن پھر پہلے پاکستانی بولرز کی ناکامی اور اس کے بعد دوسری اننگ میں بلے بازوں کا ڈھیر ہوجانا پے در پے شکستوں کا ری پلے بن گیا۔
ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر ہی پاکستان پر اننگ کی شکست کے آثار اس وقت واضح ہوگئے تھے جب 82 پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ شان مسعود (11)، بابر اعظم (5)، محمد رضوان (10)، عبداللہ شفیق (0)، سعود شکیل (29)، صائم ایوب (25)، کوئی بھی بلے باز انگلینڈ کے بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔