چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی کا اہم اجلاس کل ہو گا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اہم اجلاس کل سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے جس میں چیمپئنز ٹرافی کے معاملات پر بات ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اہم اجلاس کل سے دبئی میں ہوگا۔ 18 سے 21 اکتوبر تک ہونے والے اس اجلاس میں آئندہ سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے معاملات اور اس حوالے سے اب تک کی اپ ڈیٹ پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھی شریک ہوں گے جو چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات اور سیکیورٹی اقدامات سے متعلق بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں بڑھتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز پر بھی بحث ہو گی اور ٹیسٹ کرکٹ کی ساکھ بچانے کیلیے مستقبل کے اقدامات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ تین شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اس شوپیس ایونٹ کے بہترین انعقاد کے لیے پی سی بی کی جانب سے بھرپور تیاریاں اور اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں صرف تین ماہ کا قلیل عرصہ باقی رہ گیا ہے تاہم بھارت نے اب تک ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔