روسی حملے کا خطرہ؛ یوکرین میں امریکا سمیت کئی یورپی ممالک کے سفارتخانے بند

یوکرین کے امریکی میزائلوں کے استعمال کے بعد روس کی جانب سے جوابی حملے کا خطرہ ہے اور اسی کے پیشِ نظر امریکا سمیت کئی یورپی ممالک نے کیف میں اپنے سفارتخانے بند کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یوکرین کے روس کے خلاف طویل فاصلے تک مار کرنے والے امریکی میزائل حملوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کیف (یوکرینی دارالحکومت) میں روس کے فضائی حملوں کا انتباہ جاری کر دیا، کیف میں امریکا، یونان، اٹلی اور اسپین کے سفارتخانوں کو بند کر دیا گیا، امریکی سفارتخانے نے روس کی جانب سے میزائل حملوں کا انتباہ جاری کیا ہے۔
یوکرینی انٹیلی جنس چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کئی ماہ سے میزائلوں کا ذخیرہ کر رہا ہے جسے دیکھتے ہوئے امریکی سفارتخانے کی وارننگ درست ہے۔
ادھر، روس نے کہا کہ امریکا اور نیٹو نے یوکرین کو میزائل داغنے کی اجازت دے کر سہولت کاری کی، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغنے کے بعد جوابی کارروائی کریں گے۔
روسی انٹیلی جنس چیف نے بتایا کہ گزشتہ رات اور آج یوکرین کے 50 ڈرون مار گرائے۔