شہریوں پر مزید اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول پمپس اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز کا منافع مزید بڑھانے کی تجویز دے دی۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اوگرا نے پیٹرول، ڈیزل پر او ایم سی اور ڈیلرز مارجن بڑھانے کیلیے پیٹرولیم ڈویژن کو خط لکھ دیا جس میں پیٹرول، ڈیزل پر تیل کمپنیوں کا منافع 17.15 فیصد بڑھانے کی تجویز دی گئی۔
ذرائع کے مطابق خط میں پیٹرول اور ڈیزل پر او ایم سی مارجن 7.87 سے بڑھا کر 9.22 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز ہے۔
خط میں پیٹرول پمپس کے منافع میں 1 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافے، پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 16.20 فیصد بڑھانے اور ڈیلرز مارجن 8.64 روپے سے بڑھا کر 10.04 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز ہے۔
پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں
پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین ایک پیچیدہ عمل ہے جس میں کئی عوامل شامل ہوتے ہیں۔ بنیادی طور پر، یہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں، روپے کے مقابلے میں ڈالر کے نرخ، حکومت کی طرف سے عائد کردہ ٹیکسوں اور لیویوں، اور ریفائننگ اور مارکیٹنگ کی لاگتوں سے متاثر ہوتی ہیں۔