حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کی آبادی کو خبردار کردیا
لبنانی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے علاقوں میں آبادی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں بعض رہائشی علاقوں میں واقع گھر اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شمالی اسرائیل کے بعض علاقوں میں گھروں میں اپنے فوجی افسران اور اہل کاروں کے اجتماع کے مراکز قائم کئے ہوئے ہیں۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسی طرح بڑے شہروں مثلا حیفا، طبریا اور عکا میں رہائشی علاقوں کے اندر فوجی اڈے قائم کئے ہوئے ہیں، جہاں سے لبنان پر حملوں کا انتظام چلایا جا رہا ہے۔
حزب اللہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ گھروں اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ آبادی کے افراد اپنی زندگی کی خاطر ان عسکری اجتماعات کے قریب نہ رہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ کے جنرل سیکریٹری حسن نصراللہ کے ساتھ شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والے ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے نائب کمانڈر عباس نلفروشان کا جسد خاکی مل گیا۔
رپورٹ کے مطابق 27 ستمبر کی رات اسرائیلی فوج کے بیروت پر کئے گئے حملے میں حسن نصراللہ کے ساتھ ایرانی پاسدارارن انقلاب گارڈز کے نائب کمانڈر عباس نلفروشان بھی شہید ہوگئے تھے۔