تحریک فساد نے ریاست پاکستان کیخلاف اعلان جنگ کیا ہے، عظمیٰ بخاری
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک فساد نے ریاست پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایس سی او اجلاس کے موقع پر پھر سے اسلام آباد پر یلغار کرنے کو تیار ہے، یہ جماعت اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کسی بھی حد تک جاسکی ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ ایس سی او تک کوئی احتجاج نہیں ہو گا، لیکن انھوں نے کانفرنس کی تاریخوں میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔
کل پی ٹی آئی نے خارجہ پالیسی اور خوشحالی کیخلاف اعلان جنگ کیا ہے، ان کی جماعت کا ایک ٹریک ریکارڈ ہے کہ ان کا کپتان ملک و قوم کی خوشحالی اور دوسرے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کیخلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔
دریں اثنا آئینی ترامیم سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے پی ٹی آئی کے پندرہ اکتوبر کے احتجاج کے اعلان پر اظہار تشویش کیا۔
خورشید شاہ کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی ارکان نے کہا کہ کیسے ہو سکتا ہے ایک طرف اکٹھے بیٹھ کرترامیم کیلئے اتفاق رائے پیدا کریں اور دوسری طرف ایس سی او کانفرنس کے موقع پر انتشاری سیاست کی جائے۔