حزب اللہ کا اسرائیلی فوجی اڈے پر جوابی ڈرون حملہ

حیفا : لبنانی مزاحمتی گروپ حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی اڈے پر گزشتہ روز ڈرون حملہ کیا ہے یہ حملہ گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے کی جانے والے بمباری کے بعد کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ ڈرون حملہ حیفا کے شمال میں نزد قائم اسرائیلی فوجی اڈے پر کیا گیا ہے تاہم کسی قسم کے نقصان کی اطلاعات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
یاد رہے کہ حزب اللہ کی جانب سے یہ حملہ وسطی بیروت پر اسرائیلی فوج کی جمعرات کو کی گئی بدترین بمباری کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔
حزب اللہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ڈرون حملہ اسرائیلی ایئر ڈیفنس کمانڈ بیس پر کیا گیا ہے۔ یہ ان اسرائیلی حملوں کا جواب تھا جو اسرائیل نے لبنانی شہروں ، قصبوں اور دیہات پر کیے تھے۔
اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ بمباری کے باوجود لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس کی اولین ترجیح دشمن کو شکست فاش دینا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حزب اللہ میڈیا ونگ کے سربراہ محمد عفیف نے بیروت میں میں اسرائیلی حملے میں تباہ شدہ عمارت میں پریس کانفرنس کی۔