ایس سی او اجلاس، جڑواں شہروں سے متعلق اہم فیصلہ

پاکستان آئندہ ہفتے ایس سی او کے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے اس موقع پر جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کا میزبان ہے۔ یہ اجلاس آئندہ ہفتے 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں تمام رکن (8) ممالک سے وفود شرکت کریں گے۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی اس اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان نے سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے ہیں۔
ایس سی او اجلاس کے پیش نظر ہی اب جڑواں شہروں راولپندی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک معطل رہے گی اور تمام اسٹیشن بند رہیں گے۔
اس سے قبل ضلع اسلام آباد اور پنڈی کے سرکاری اداروں کے علاوہ تعلیمی اداروں میں بھی تین روز کی تعطیل کا اعلان کیا جا چکا ہے جب کہ اس دوران دکانیں، مارکیٹیں اور شادی ہال بھی بند رکھے جائیں گے۔