ایس سی او اجلاس، بھارت اور روس کے وفود پاکستان پہنچ گئے
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد جاری ہے بھارت اور روس کے سرکاری وفود پاکستان پہنچ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 26 ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں تمام رکن ممالک شرکت کریں گے۔
ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بھارت کا چار رکنی اور روس کا 76 رکنی وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔
اس کے علاوہ چین کا 15 رکنی، کرغیزستان کا 4 اور ایران کا دو رکنی وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے جب کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 7 نمائندے بھی آ چکے ہیں۔
پاکستان نے ایس سی او سمٹ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ غیر ملکی وفود کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوج نے ذمے داریاں سنبھال لی ہیں جب کہ پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر جڑاوں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بند رہے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری ونجی دفاتر، تعلیمی اداروں میں تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔