جبالیہ میں اسرائیلی کواڈ کاپٹر نے شہریوں پر بم گرا دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو
غزہ کے علاقے جبالیہ میں اسرائیلی کواڈ کاپٹر نے شہریوں پر بم گرا دیا، اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں غزہ کے علاقے جبالیہ میں شہریوں پر اسرائیلی کواڈ کاپٹر کے بم گرانے کا ہولناک منظر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ فوٹیج الجزیرہ عربی کے صحافیوں نے حاصل کی ہے، اور اس کی تصدیق بھی کی گئی ہے، اس میں ایک اسرائیلی کواڈ کاپٹر ڈرون کو شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں بچوں سمیت فرار ہونے والے شہریوں پر دھماکا خیز مواد گراتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں بم پھٹنے سے پہلے قریب آنے والے کواڈ کاپٹر کی آواز پر بچوں سمیت لوگوں کو بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اور کچھ ہی دیر ایک زوردار دھماکا سنائی دیتا ہے اور لوگ چیخنے لگتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے جبالیہ کے علاقے میں زمینی کارروائی شروع کر دی ہے اور گزشتہ 8 دن سے شمالی غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے، جس سے دسیوں ہزار افراد خوراک اور پانی تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے سربراہ ڈاکٹر منیر البرش نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے پٹی کے شمالی حصے کے محاصرے میں گزشتہ ہفتے کے دوران کم از کم 200 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔