بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر ذاتی معالج واپس روانہ ہوگئے

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کو ملاقات کی اجازت نہ ملی جس کے بعد وہ واپس روانہ ہوگئے۔
اڈیالہ جیل سے واپسی پر ڈاکٹر عاصم یوسف نے بتایا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کو طبی معائنے کی اجازت ہے، جیل حکام نے مجھے بانی سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔
ڈاکٹر عاصم یوسف کے مطابق کافی دیر انتظار کے بعد میں جیل سے واپس روانہ ہوا ہوں۔
قبل ازیں، ذرائع نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر عاصم یوسف بانی کا طبی معائنہ کرنے کیلیے اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہے لیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چئیرمن پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو فون کر کے بانی کے طبی معائنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر پی ٹی آئی نے آج ڈی چوک پر احتجاج کا فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ بانی کا اڈیالہ جیل میں آج طبی معائنہ کیا جانا تھا جس کیلیے پمز اسپتال کے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم کو جیل پہنچنا تھا۔