جہلم : نجی اسکول کی 8 سالہ طالبہ سے زیادتی کا ملزم گرفتار
جہلم : پنڈ دادن خان میں نجی اسکول کی کنٹین میں 8 سالہ طالبہ سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جہلم کے علاقے پنڈ دادن خان میں نجی اسکول کی 8سالہ طالبہ سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں طالبہ کو اسکول کی کینٹین میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
جہلم سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے نوید بٹ کے مطابق کینٹین کے ٹھیکیدار امتیاز نے طالبہ سے زیادتی کی، جس کا مقدمہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ پنڈدادن خان میں درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم امتیاز نے بچی کو ورغلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا، طالبہ اسکول سے گھر پہنچی تو خوف کاشکار تھی۔
بچی کی ماں نے صورتحال جاننے کے بعد پولیس کو تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر پولیس نے بچی کے میڈیکل ٹیسٹ کروائے۔ طالبہ کے ابتدائی میڈیکل ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹرز نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کردی۔
رپورٹ میں طالبہ سے زیادتی کی تصدیق ہونے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کینٹین کے ٹھیکیدار امتیاز کو گرفتار کرلیا۔