’اپنی گندی سازش کے لیے کسی مظلوم بچی کا کاندھا استعمال نہ کریں‘
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اپنی گندی سازش کے لیے کسی مظلوم بچی کا کاندھا استعمال نہ کریں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ والدین انکار کررہے ہیں کہ ان کی بچی کے ساتھ زیادتی ہوئی، بچی آئی سی یو میں زیر علاج ہے اس سے متعلق کہا جارہا ہے کہ اسے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس بچی کانام لیا، اس نام کی تین بچیاں ہیں، ان کےوالدین نےالزام کی تردیدکی، پھر بھی گارڈ زیرحراست ہے اورکیمپس کو سیل کردیا۔
انہوں نے کہا کہ طالبہ کے والد اور چچا نے روتے، گڑ گڑاتے ہوئے یہ اپیل کی ہے کہ ہماری بچی کے ساتھ کوئی ایسا واقعہ نہ ہوا ہمیں بدنام نہ کریں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایس سی او سمٹ ہورہی ہے یہ اسلام آباد نہیں جاسکے تو پلان یہ ہوا کہ لاہور کو فساد کا مرکز بنانا ہے، ان کی سیاست دیکھیں اپنے مختلف اسکولوں، کالجوں سے چند چند بچے اکٹھے کرکے باہر تماشہ لگایا ہوا ہے۔