فضل الرحمان کی بلاول بھٹو سے اہم ملاقات؛ 26ویں آئینی ترامیم پر تبادلہ خیال
کراچی: سربراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان نے بلاول ہاؤس کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی۔
مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات میں آئینی عدالت کے قیام اور 26ویں آئینی ترامیم پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں ایس سی او اجلاس خوش آئند ہے جو خطے کے استحکام میں معاون ہوگا۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی وفد میں مراد علی شاہ، فریال تالپور، نثار کھوڑو، شازیہ مری، نوید قمر، مرتضیٰ وہاب جبکہ جے یو آئی کے وفد میں مولانا اسعد محمود، مولانا ضیا الرحمان، راشد محمود سومرو، ناصر محمود سومرو، کامران مرتضیٰ، مفتی ابرار، مولانا اسجد محمود، مولانا عبید الرحمان اور عثمان بادینی شامل تھے۔
گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر بیان جاری کیا تھا کہ آج جو مخالفت کر رہے ہیں وہ ماضی میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی حمایت کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ وفاقی عدالتوں کا قیام عدالتی اصلاحات میں شامل ہے اور پی پی نے 2007 سے ہر الیکشن میں عدالتی اصلاحات کو منشور کا حصہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت، پیپلز پارٹی کے 2013 اور 2024 کے انتخابی منشور میں آئینی عدالت کا ذکر ہے جب کہ آج جو لوگ آئینی عدالت کی مخالف کر رہے ہیں وہ ماضی میں اس کے قیام کے حامی رہے ہیں۔