بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل
راولپنڈی: ڈاکٹرز نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا طبی معائنہ مکمل کر کے پارٹی قیادت کو اس سے باقاعدہ آگاہ کر دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر لکھا کہ شام 4 بجے 2 ڈاکٹرز (ایک ای این ٹی ماہر اور ایک طبی ماہر) بانی سے جیل میں ملنے آئے۔
بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ ہمیں کچھ دیر پہلے اطلاع ملی تھی کہ الحمدللہ بانی خیریت سے ہیں اور انہوں نے آج ایک گھنٹہ ورزش بھی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جلد ہی ان کی میڈیکل رپورٹس حاصل کریں گے اور میں شیئر کروں گا، پی ٹی آئی کے ہر کارکن اور سپورٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو صحت کے بارے فکر مند تھے۔
قبل ازیں، بانی پی ٹی آئی سے ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی تھی جس کے بعد وہ واپس روانہ ہوگئے تھے۔