کمسن بچی دل کا دورہ پڑے کے باعث چل بسی
بھارتی ریاست تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں دل کا دورہ پڑنے کے باعث پانچ سالہ بچی موت کے منہ میں چلی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوکھلو نامی بچہ جمی کنٹا کے رہائشی راجو اور جمنا کی بیٹی تھی جس نے منگل کی صبح والدہ سے چکر آنے کی شکایت کی اور پھر کچھ دیر کیلیے کھیل کود میں مصروف ہوگئی تھی۔
ایک موقع پر اوکھلو اچانک بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑی جس سے پریشان ہو کر والدین اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کرنے کے بعد اسے ہنم کونڈہ کے سرکاری اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا۔
ہنم کونڈہ کے سرکاری اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے کمسن کا معائنہ کیا اور اسے مردہ قرار دے دیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق بچی پہلے سے ہی دل کی تکلیف میں مبتلا تھی جس سے والدین لاعلم تھے، ممکنہ طور پر یہی تکلیف دل کا دورہ پڑنے کا سبب بنی۔
بیٹی کی موت کی خبر سن کر والدین غم سے نڈھال ہوگئے جبکہ المناک واقعے سے جمی کنٹا کے مکنیوں کو بھی دھچکا پہنچا۔