پی ٹی آئی والوں کو اپنے مطالبات پیش کرنے کا حق ہے، عرفان صدیقی
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنے مطالبات پیش کرنے کا حق ہے۔
عرفان صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج کی کال واپس لینا مثبت قدم تھا، الحمدللہ ایس سی او کا اجلاس کامیاب رہا۔
(ن) لیگی سینیٹر نے کہا کہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جو ملکی وقار کے خلاف ہو۔
انہوں نے کہا کہ معیشت بہتر اور ملک ترقی کر رہا ہے جبکہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، سیاسی انتشار تمام بیماریوں کی جڑ ہوتی ہے، پی ٹی آئی کا بڑا احسان ہے کہ احتجاج کی کال واپس لی، انہوں نے عوام پر بھی بڑا احسان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے نجانے کل کس بات پر احتجاج کی دوبارہ کال دے دی ہے؟
عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں پارلیمنٹ لاجز میں اختر مینگل کے کمرے کے محاصرے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا یہ ہمارے لیے باعث شرمندگی ہے، اس اقدام کی نہ ماضی میں حمایت کی جاسکتی تھی اور نہ حال میں۔