اسرائیل کا ایک بار پھر یحییٰ السنوار کو شہید کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کی ممکنہ شہادت کا دعویٰ کر دیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس امکان کی تحقیقات کر رہی ہے کہ یحییٰ السنوار کو ہلاک کر دیا گیا، تاہم اس وقت شناخت کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
دوسری جانب، حماس نے اپنے سربراہ کی شہادت کے اسرائیلی دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ یحییٰ السنوار کو اسرائیل پر 7 اکتوبر 2023 کو کیے گئے حماس کے تباہ کن حملے کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔
اگر یحییٰ السنوار کی شہادت کی تصدیق ہو جاتی ہے تو اس سے مشرق وسطیٰ میں پہلے سے جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو جائے گا کیونکہ اسرائیل ممکنہ طور پر یکم اکتوبر کو خود پر کیے گئے ایرانی میزائل حملوں کا جواب دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے پہلے ہی اسرائیل کو تہران پر حملے سے خبردار کر رکھا ہے۔
حسین سلامی نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ایک تقریر میں کہا کہ ہم اسرائیل سے کہتے ہیں کہ اگر وہ جارحیت کرتا ہے تو ہم اسے درد جواب دیں گے۔