ملتان : آتش بازی کے سامان میں خوفناک دھماکا، 4 افراد جاں بحق، عمارت زمیں بوس

ملتان : تین منزلہ عمارت میں رکھے ہوئے آتش بازی کے سامان میں زور دار دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، دھماکے سے عمارت زمیں بوس ہوگئی، لوگ ملبے تلے دب گئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ دہلی گیٹ آغا پورہ کی ایک عمارت میں پیش آیا جس کے اندر آتش بازی کا سامان تیار کیا جاتا تھا پانچ مرلے کی تین منزلہ عمارت ریاض نامی شخص کی ملکیت ہے۔
تین منزلہ عمارت میں رکھے گئے آتش بازی کے سامان میں اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد ملبے تلے دب گئے جبکہ ایک خاتون سمیت 4 افراد نے موقع پر دم توڑ دیا۔
اے آر وائی نیوز ملتان کے بیورو چیف یاسر شیخ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا، آس پاس کے مکانات کو بھی نقصان پہنچا، اب تک 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے سے تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی ملبے تلے دب کر 9 افراد زخمی ہوئے جن میں سے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔