قانون اندھا نہیں رہا، بھارت نے ساڑھی میں ملبوس انصاف کی دیوی کی آنکھوں سے پٹی ہٹا دی
نئی دہلی: بھارت میں قانون اب اندھا نہیں رہا، سپریم کورٹ نے ساڑھی میں ملبوس انصاف کی دیوی کی آنکھوں سے پٹی ہٹا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان کی سپریم کورٹ نے پہلا بڑا روایت شکن قدم اٹھاتے ہوئے ’لیڈی جسٹس‘ کی کھلی آنکھوں والا مجسمہ پیش کر دیا ہے، جو ایک نئے دور کی عکاسی کرتا ہے اور جس نے نوآبادیاتی تاریخ اور رشتوں سے آزادی کا احساس دلایا ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ میں انصاف کی دیوی کے پرانے مجسمے کے ہاتھ میں ترازو ہوا کرتا تھا اور اس کی اور آنکھوں پر کالی پٹی بندھی ہوتی تھی، اب انصاف کی علامت سمجھے جانے والے اس مجسمے کو تبدیل کر کے نیا مجسمہ نصب کر دیا گیا ہے۔
پرانے مجسمے کے ہاتھ میں سزا کی علامت ایک تلوار ہوا کرتی تھی، لیکن اب اس کی جگہ اس کے ہاتھ میں بھارتی آئین پکڑایا گیا ہے، اور یہ مجسمہ اب ہندوستانی سپریم کورٹ کے ججوں کی لائبریری میں موجود ہے۔
یہ نیا ڈیزائن سبک دوش ہونے والے چیف جسٹس دھننجایا یشونت چندرچوڑ نے تیار کیا ہے جس کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ قانون اندھا نہیں ہے اور یہ تمام افراد کے حقوق کو یکساں طور پر دیکھتا اور برقرار رکھتا ہے۔