اسرائیل کے 55 فوجی ہلاک اور 500 سے زیادہ زخمی ہوئے، حزب اللہ کا دعویٰ
بیروت : لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ حالیہ زمینی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 55 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 500 سے زیادہ افسران و اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ اسرائیلی فوج کو مسلسل جانی اور مالی نقصان پہنچا رہی ہے، جس میں افسران اور فوجیوں کی بڑی تعداد شامل ہے اور یہ کارروائیاں جنوبی لبنان کی محاذوں پر کی گئیں۔
اس کے علاوہ اب تک کی جاری لڑائی میں اسرائیل کے 20 مرکاوا ٹینک اور چار فوجی بلڈوزر بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔
لبنانی سرحد پر زمینی آپریشنز کا ذکر کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے 70ہزار سے زیادہ فوجیوں، سینکڑوں ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کے ساتھ پانچ فوجی ڈویژنز تعینات کر رکھی ہیں۔
اس کے برعکس حزب اللہ کے سیکڑوں مزاحمتی جنگجو اسرائیل کی کسی بھی زمینی پیش قدمی کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔