اسرائیل نے یحییٰ سنوار کی لاش کی تصویر والے پمفلٹس غزہ بھیج دیے
اسرائیل نے جنوبی غزہ میں طیاروں کے ذریعے اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے شہید سربراہ یحییٰ سنوار کی لاش کی تصویر والے پمفلٹس گرا دیے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق فضا سے گرائے گئے پمفلٹس میں فلسطینیوں کیلیے پیغام لکھا ہے کہ ’حماس اب غزہ پر حکومت نہیں کرے گی‘۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ فضا سے پمفلٹس گرانے کا اسرائیلی اقدام اس وقت سامنے آیا جب صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی پر حملے میں 32 افراد کو شہید کیا اور جبالیہ کی اسپتالوں کا سخت محاصرہ کیا۔
خان یونس کے رہائشیوں کے مطابق عربی زبان میں تحریر شدہ پمفلٹس میں لکھا ہے کہ جو کوئی بھی اپنے ہتھیار اسرائیلی یرغمالیوں کے حوالے کرے گا اسے وہاں سے نکلنے اور امن سے رہنے کی اجازت دی جائے گی۔
پمفلٹس پر درج الفاظ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ایک بیان سے لیے گئے جو انہوں نے یحییٰ سنوار کی شہادت پر کہہ تھے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 42 ہزار 500 فلسطینی شہید اور ہزاروں کو زخمی کیا جبکہ کئی ہزار تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے موجود ہیں۔