’’تین منٹ سے زیادہ گلے نہ لگائیں‘‘ نیوزی لینڈ ایئرپورٹ پر مسافروں پر پابندی عائد
اندورن اور بیرون ملک سفر پر جانے والوں کو ان کے پیارے الوداع کے وقت گلے لگا کر رخصت کرتے ہیں تاہم نیوزی میں اس کو وقت کی قید سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن میں ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے آنے والوں سے پریشان ہو کر بڑی پابندی لگا دی ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں اور ان کے ساتھ الوداع کہنے کے لیے آنے والے رشتے داروں اور دوستوں کو تین منٹ سے زیادہ گلے لگانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس حوالے سے انتظامیہ نے ایئرپورٹ پر جا بجا بورڈ بھی لگا دیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ صرف تین منٹ میں گلے ملیں اور پیاروں کو الوداع کہیں۔ کوئی بھی کسی کو تین منٹ سے زیادہ گلے نہ لگائے۔ جذبات کو پکڑنے کے بجائے فلائٹ پکڑنے پر توجہ دی جانی چاہیے اور بہتر ہے کہ جذباتی لمحات کار پارکنگ میں گزارے جائیں۔
ڈونیڈن ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے اس پابندی کی توجیح پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ الوداع کے موقع پر طویل جذباتی مناظر کی وجہ سے پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ڈونیڈن ایئر پورٹ کے سی ای او نے ڈینیل ڈی بونو نے کہا کہ ایئر پورٹس کے ڈپارچر لاؤنج اور ریلوے پلیٹ فارم جذبات کا مرکز ہوتے ہیں۔ ایئر پورٹ کے پارکنگ ایریا میں پندرہ منٹ کا وزٹ مفت ہے۔