بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دھماکا، زوردار گونج دور دور تک سنائی دی
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے روہنی میں ایک اسکول کے قریب زور دھماکا ہوا جس کی گونج دور دور تک سنائی دی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد اسکول کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا۔
حکام نے بتایا کہ دھماکے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب متعدد بھارتی ایئر لائنز کی پروازوں میں بارودی مواد کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔
بم اسکواڈ اور پولیس کی فرانزک ٹیم نے دھماکے کی وجہ معلوم کرنے کیلیے اسکول کے قریب جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے۔
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کے اہلکار بھی موقع پر موجود ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ اسکول کی دیوار، قریبی دکانوں اور ایک کار کو نقصان پہنچا۔
پولیس نے موبائل نیٹ ورک کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکے کے وقت آس پاس کون موجود تھا۔