سعودی عرب کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

سعودی عرب نے اسرائیل کی جانب سے علی الصباح ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے، اسے ایرانی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ” ایران کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔”
بیان کے مطابق یہ حملہ ”ایرانی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ہے۔”
سعودی عرب نے تمام فریقین سے کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے کام کریں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران میں 20 اہداف پر حملے کیے ہیں۔ اس حملے میں 100 سے زیادہ طیارے اور ڈرون شامل تھے، جنہوں نے میزائلوں کی تیاری کی تنصیبات، دفاعی نظام اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا۔