والدہ، بہن، بھابھی اور بھانجی کو کیوں قتل کیا؟ قاتل نے وجہ بتادی
کراچی : لی مارکیٹ میں والدہ، بہن، بھابھی اور بھانجی کو قتل کرنے والے ملزم کا اہم بیان سامنے آگیا ، جس میں ملزم نے قتل کی وجہ بتائی۔
تفصیلات کے مطابق لی مارکیٹ میں والدہ، بہن، بھابھی اوربھانجی کو قتل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
پولیس نےگرفتارملزم بلال کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے ملزم سے سوال کیا کہ کیا وجہ تھی جو تم نے تمام لوگوں کو مار دیا؟ ملزم نے بتایا کہ یہ تمام لوگ مجھےتنگ کرتے تھےجس کی وجہ سے قتل کا منصوبہ بنایا۔
عدالت نے سوال کیا اگراتناہی تنگ کرتے تھے توتم گھر چھوڑکر بھی جاسکتے تھے یہ کیوں کیا؟ تو ملزم بلال کا کہنا تھا کہ ویڈیوز بنانے کی وجہ سے صرف بہن کو قتل کرنا چاہتا تھا۔
عدالت نے مزید پوچھا تو پھر تمام لوگوں کو کیوں مار دیا؟ جس پر ملزم نے بتایا کہ تمام لوگوں کواس لیےماراتاکہ پیچھے کوئی ثبوت نہ رہے۔
پولیس کی جانب سے تحقیقات کیلئے ملزم کے 14روزہ ریمانڈکی استدعا کی گئی ، پولیس نے بتایا کہ ملزم بلال قتل کی واردات کا اعتراف کر چکا ہے، سی سی ٹی وی نکالی اور تحقیقات کی تو ملزم کیخلاف ثبوت ملے۔