پی پی پی، ن لیگ اور جے یو آئی عوام کے مجرم ہیں، وکلا ایکشن کمیٹی
وکلا ایکشن کمیٹی کے رہنما سینئر وکیل علی احمد کرد کہتے ہیں کہ جن لوگوں نے آئینی ترامیم منظور کیں وہ سب پاکستان اور قوم کے مجرم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وکلا ایکشن کمیٹی کے رہنما اور سینئر وکیل علی احمد کرد نے کوئٹہ میں دیگر وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ساری ترامیم بدنیتی کی بنیاد پر صرف ایک آدمی کو ہدف بنا کر کی گئیں جو جسٹس منصورعلی شاہ ہیں۔ صبح قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم پاس ہوئی اور صدر نے فوری دستخط بھی کر دیے۔
علی احمد کرد نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ، جے یو آئی اور ترامیم کرنے والے یہ سب پاکستان اور عوام کےمجرم ہیں۔ ان جماعتوں نے بحیثیت سہولت کار کام کیا ہے۔ ہم وکلا ان ترامیم کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم تحریک چلائیں گے اور آئین پر جو کالک ملی گئی ہے وہ ان ترامیم کو ختم کرا کے مٹائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں کہ کسی ایک سینیٹر یا رکن اسمبلی نے یہ ترامیم پڑھ کر انگوٹھا لگایا ہو۔ جنہوں نے آئینی ترامیم پر انگوٹھے لگائے، ان کا سیاست میں صفایا ہوگیا۔
سینئر وکیل نے کہا کہ مرضی کا چیف جسٹس لا کر عدلیہ کو ختم کیا جا رہا ہے۔ آئینی بینچ میں انگوٹھا چھاپ سینیٹر اور ایم این اے بیٹھے گا اور وہ جج کو لگائے گا تو پھر انصاف نہیں ہوگا۔ ایسی عدالتوں میں قانون کے مطابق نہیں بلکہ حکومت کی مرضی کے فیصلے ہوں گے۔
علی احمد کرد نے مزید کہا کہ آج جسٹس منیر یا مولوی تمیز الدین کا زمانہ نہیں، طاقتور بارز موجود ہیں۔ آئینی ترامیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان نہیں بلکہ سردار اختر مینگل کے کردار کو سراہتا ہوں۔ مولانا کو حکومت کے ساتھ نہیں جانا چاہیے تھا۔