نیب ترامیم کیس : جسٹس حسن اظہر رضوی کا اضافی نوٹ سامنے آگیا

اسلام آباد : نیب ترامیم کیس میں سپریم کورٹ کے جسٹس حسن اظہر رضوی کا اضافی نوٹ سامنے آگیا ، جس میں انھوں نے کہا فیصلے سے متفق ہوں لیکن وجوہات کی توثیق پر خود کو قائل نہیں کرسکا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس حسن اظہر رضوی نے نیب ترامیم کیس میں اضافی نوٹ جاری کردیا، اضافی نوٹ بائیس صفحات پر مشتمل ہے۔
اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ فیصلے سے متفق ہوں لیکن وجوہات کی توثیق پر خود کو قائل نہیں کرسکا۔
جسٹس حسن اظہر کا کہنا تھا کہ فیصلے میں اصل مدعے پر خاطر خواہ جواز فراہم نہیں کیا گیا اور فیصلے میں سابق ججز کے حوالے سے غیر مناسب ریمارکس دیے گئے،عدالتی وقار کا تقاضا ہے کہ اختلاف تہذیب کے دائرے میں رہ کر کیا جائے۔
اضافی نوٹ میں کہا ہے کہ تنقید کا محور قانونی اصول ہوں نا کہ فیصلہ لکھنے والوں کی تضحیک کی جائے، عدالتی وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کی اپنی الگ وجوہات تحریر کررہا ہوں۔