اسرائیلی فضائیہ کا لبنان کے رفیق حریری اسپتال پر حملہ، 13 شہید
لبنان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دارالحکومت بیروت میں واقع ‘رفیق حریری اسپتال کے نواح میں رات کے وقت اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کی، جس کے نتیجے میں 13افراد شہید اور 57 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے رات کے وقت بیروت پر فضائی حملے کیے جن میں جنہّ میں واقع رفیق حریری سرکاری ہسپتال کے گرد و نواح کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 13 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ اسپتال کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی بہیمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں تباہ حال فلسطینیوں کو اپنے پیاروں کو دفنانے کیلئے کفن تک نہیں مل رہا۔
بے گناہ فلسطینی عوام پر پے سر پے اسرائیلی حملوں میں مزید شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے، شہیدوں کو دفنانے کیلئے تابوت اور کفن کم پڑ گئے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے درجنوں افراد کی لاشیں سڑکوں اور ملبے تلے بکھری پڑی ہیں۔