بشریٰ بی بی 26 تاریخ سے پہلے باہر آ جائیں گے، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی 26 تاریخ سے قبل جیل سے باہر آ جائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم جو بھی بات کرتے ہیں قوم پہلے ہی اس کو سمجھ جاتی ہے، فواد چوہدری گواہ ہیں بانی پی ٹی آئی کو بہت سمجھانے کی کوشش کی تھی، وہ آج جس صورتحال کا شکار ہیں اپنے لوگوں نے پھنسایا ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ’اٹھا لیا‘ اور ’کروالیا‘ کی وضاحت نہیں دوں گا، لوگ خود ہی عدلیہ کو متنازع بنا رہے ہیں، آنے والے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے متعلق پہلے ہی متنازع گفتگو کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا چلا کہ یہ ہمارا جج ہے ہمارے حق میں فیصلے کرتا ہے لیکن ان کو آگے بھی مایوسی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی سے نکالا گیا تو 6 ماہ بعد بانی نے مجھے لاہور میں ملاقات کیلیے بلایا لیکن میں نے کہا تھا کہ دن کے اجالے میں ملاقات کیلیے آؤں گا رات کے اندھیرے میں نہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور دھرنے کا اعلان کر کے آئے، کے پی ہاؤس گئے اور پھرغائب ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کہتی تھی فارم 47 کی حکومت ہے لیکن ساتھ بیٹھ کر آئینی ترامیم پر بات کی، آئینی ترامیم پر اتفاق کیا اور پھر اچانک سے انکار کر دیا یہ ساری سیٹنگ تھی۔
فیصل واوڈا نے پیشگوئی کی کہ 26 تاریخ سے بانی کی ملاقاتیں شروع ہو جائیں گی، 26 تاریخ سے پہلے بشریٰ بی بی جیل سے باہر آ جائیں گی، یہ سارا ڈرامہ تھا بانی کو ٹریپ کیا گیا، جو آج پی ٹی آئی کے لیڈر بنے ہوئے ہیں یہ سارے کمپرومائزڈ ہیں، ان لوگوں کا مفاد ہے کہ بانی جیل میں رہیں۔