بشریٰ بی بی کی رہائی ڈیل کے نتیجے میں نہیں ہوئی، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی ڈیل کے نتیجے میں نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کی 9ماہ قید کے بعد رہائی ممکن ہوئی، انھوں نے دلیری کیساتھ 9ماہ جیل برداشت کی.
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی اور ان کےنظریے کیساتھ کھڑی رہیں ، سب سختیوں کے باوجود بشریٰ بی بی نے جیل آکر خود گرفتاری دی تھی، خوشی ہے بشریٰ بی بی تھوڑی دیر بعد بنی گالہ پہنچ جائیں گی اور ان شااللہ بانی پی ٹی آئی بھی بہت جلد رہا ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ اس بات کی تردید کرتاہوں کہ کوئی ڈیل ہوئی ہے، ڈیل ہوئی ہوتی تو بشریٰ بی بی 9ماہ میں نہ رہتیں، بشریٰ بی بی کو جیل میں رکھا گیا تاکہ بانی پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالا جائے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ یقین ہے قانون کی پاسداری ہوگی اور بانی پی ٹی آئی کی جلدرہائی ہوگی ، میں سب کوبشریٰ بی بی کی رہائی پر مبارکباد پیش کرتاہوں، اب مزیدکس کیس میں گرفتارکرتے ایسا کونسا کیس ہے جونہیں بنایا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ کیس سے دوردور تک تعلق نہیں تھا، جوکچھ بھی ہورہاہے میرٹ پرہواہے، بشریٰ بی بی نےکوئی تحفہ نہیں لیا اور نہ بیچا، ان کوجیل میں رکھنےکاایک بہانہ تھا۔