جسٹس منصور شاہ آئینی بینچ کے سربراہ نہیں ہوں گے، رانا ثنا
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جسٹس منصور شاہ آئینی بنچ کے سربراہ نہیں ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انڈیپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جسٹس امین الدین خان یا جسٹس جمال مندوخیل آئینی بنچ کے سربراہ ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس منصور شاہ کا راستہ پی ٹی آئی نے روکا جب ایک سیاسی جماعت کہے ہمارے بات ہوگئی ہے اکتوبر میں جسٹس منصور شاہ آکر بندوبست کریں گے تو ان باتوں کا نقصان ہوتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کاراستہ روکنے میں حکومت یا کسی اور کا عمل دخل کم پی ٹی آئی کا زیادہ ہے۔
خواتین پر مقدمات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مقدمات کو خواتین کی حد تک پھیلانے کےحق میں نہیں، بشریٰ بی بی اور بانی کی بہنوں کے خلاف بھی کیس نہیں بننے چایئے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’میں عمران خان کی بہنوں کے اس جذبے کا حامی ہوں کہ جب پی ٹی آئی کی لیڈر شپ غائب تھی اور عمران خان کی بہنیں ڈی چوک پہنچیں۔‘