‘پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اجلاس کی صدارت بشریٰ بی بی نے نہیں کی’

پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اجلاس کی صدارت بشریٰ بی بی نے نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا تعلق ہمارے صوبے سے ہے اس لیے تقریب میں شریک ہوا تاہم چھبیس ویں آئینی ترمیم کو تسلیم نہیں کرتے۔
انھوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بشریٰ بی بی نے نہیں کی۔
گذشتہ روز فوکل پرسن مشعال یوسفزئی نے بشریٰ بی بی کی جانب پارٹی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا وہ گھریلوخاتون ہیں سیاست سےکوئی تعلق نہیں۔
اس سے قبل یہ خبر آئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، پارٹی ذرائع نے کہا تھا کہ وہ شبلی فراز،علی امین گنڈاپور کے ہمراہ سیاسی معاملات دیکھیں گی۔