روسی صدر پیوٹن نے شمالی کوریا کے عوام کیلیے دلچسپ تحفہ بھیج دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کی عوام کیلیے نایاب نسل کے 70 جانور دارالحکومت پیانگ یانگ بھیج دیے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیانگ یانگ کے چڑیا گھر بھیجے گئے جانوروں میں ایک افریقی شیر اور دو بھورے ریچھ بھی شامل ہیں۔ روسی حکومت نے کہا کہ یہ جانور صدر ولادیمیر پیوٹن کی طرف سے شمالی کوریا کے عوام کیلیے تحفہ ہے۔
روس کے قدرتی وسائل کے وزیر الیگزینڈر کوزلوف نے جانوروں کی ماسکو سے شمالی کوریا کے چڑیا گھر منتقلی کی نگرانی کی۔ جانوروں کو ہوائی جہاز کے ذریعے منتقل کیا گیا جس میں ڈاکٹر بھی موجود تھے۔
ماسکو کی طرف سے شائع کی گئی تصاویر میں ایک خوبصورت سفید طوطے کو پنجرے میں سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ وزیر الیگزینڈر کوزلوف مقامی حکام کے ہمراہ چڑیا گھر کا دورہ کرتے ہوئے نظر آئے۔
یاد رہے کہ روس نے رواں سال اپریل میں بھی شمالی کوریا کو عقاب اور طوطے سمیت متعدد پرندے تحفے میں بھیجے تھے۔
شمالی کوریا اور روس کے درمیان اس وقت سے قریبی تعلقات ہیں جب پیوٹن نے جون میں ملک کا دورہ کیا تھا اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کیے تھے۔