اصولوں پر اسٹیبلشمنٹ سے گفتگو ہو سکتی ہے، سلمان اکرم راجہ
لاہور: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے ڈھیل چاہتے ہیں نہ کوئی ڈیل، اصولوں پر اسٹیبلشمنٹ سے گفتگو ہو سکتی ہے، علی امین گنڈاپور بطور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں غیر انسانی فعل ہو رہا ہے، بانی کے سیل کی بجلی بند کی گئی تاریکی میں رکھا گیا، ان کو بیٹوں سے بھی بات نہیں کروائی جا رہی، بانی کا حوصلہ بلند ہے وہ ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے، پی ٹی آئی بہت جلد ملک گیر احتجاج کا اعلان کرے گی، 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کی روح اور عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا گیا، فتح ہمیشہ سچ کی ہوئی ہے رات جتنی بھی تاریک ہو سحر ضرور ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کیلیے ہم لڑتے رہیں گے ہمارا لیڈر بھی ثابت قدم ہے، بانی چاہتے ہیں ہم عوام کی جنگ لڑتے رہیں اور ہم لڑتے رہیں گے، یہ جنگ ہمی جیتیں گے اور سچ اور شرافت کا نظام قائم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم فراصت سے آگے بڑھیں گے ہم دیواروں پر ٹکریں نہیں مارا کرتے، جس کو دیواروں پر ٹکریں مارنے کا شوق ہے وہ مارے، آئین کے تحت ہمارے پاس احتجاج کے جائز اور قانونی آپشن ہیں، احتجاج میں ہم سب باہر نکلیں گے صرف سیاسی ورکرز نہیں بلکہ پوری قوم کرے گی۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں ان کا سیاست کا کوئی ارادہ نہیں، علیمہ خان کا رویہ اپنے بھائی کیلیے ہے ان کا بھی سیاست میں کوئی کردار ادا کرنے کا ارادہ نہیں۔