سیکیورٹی فورسز کا بنوں میں آپریشن، 8 خارجی جہنم واصل، میجر سمیت 2 جوان شہید
بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی جہنم واصل ہوگئے جبکہ میجر سمیت 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ بنوں کے علاقے بکاخیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے، فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عاطف خلیل 2 جوانوں سمیت شہید ہوگئے،
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہدا میں نائیک آزاداللہ اور لانس نائیک غضنفرعباس شامل ہیں، علاقے میں ممکنہ خارجی کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
جاری بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارےعزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
31 سالہ میجر عاطف خلیل شہید کا تعلق ضلع سدھنوتی آزاد کشمیر سے ہے، میجر عاطف خلیل شہید نے 8 سال سے زائد عرصے تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ انجام دیا، میجر عاطف شہید کے سوگواران میں والدین، بہن بھائی،اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہے۔
شہید ہونے والے 36 سالہ نائیک آزاداللہ کا تعلق ضلع کرک سے ہے، نائیک آزاد اللہ شہید نے زندگی کے 15 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن عزیز کا دفاع کیا، نائیک آزاداللہ شہید کے سوگواران میں اہلیہ، دوبیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔