کراچی کا بصارت سے محروم موٹر مکینک عظمت و ہمت کی مثال
کراچی کے بصارت سے محروم موٹر سائیکل مکینک عبدالوہاب عظمت و ہمت کی مثال بن گئے۔
اے آ ر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں ایک ایسا موٹر سائیکل مکینک موجود ہے جو قوت بصارت سے تو محروم ہے لیکن موٹر مکینک کا کام بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
24 سالہ عبدالوہاب بینائی سے محروم ہیں لیکن ان میں غیرمعمولی صلاحیت موجود ہے۔
عبدالوہاب نے بتایا کہ امتحان دینے کے دوران آنکھوں کا پردہ پھٹ گیا تھا جس کے بعد آہستہ آہستہ نظر کمزور ہوتی چلی گئی اور اب صرف مجھے روشنی نظر آتی ہے۔
موٹر مکینک نے کہا کہ کچھ گاہک آکر کہتے ہیں کہ آپ کو نظر نہیں آتا کام کیسے کرو گے، میں ان سے کہتا ہوں کہ آپ پہلے دیکھ لیں سمجھ آجائے تو ٹھیک ورنہ چلے جائیے گا۔
انہوں نے کہا کہ شروع میں مشکلات پیش آئیں، دیوار سے ٹکرا جاتا تھا، پتھر پیر سے ٹکرا جاتا تھا، مایوس بھی تھا لیکن والد صاحب نے ہمت دلائی تو آگے بڑھا اور کام سیکھتا رہا، میرا ایک خواب تھا میں وہ ستارہ بنوں جسے لوگ چھونے کے لیے ترسیں۔