وفاقی حکومت کا پی آئی اے کی نجکاری کیلئے دوبارہ بولیاں مانگنے کا اعلان
اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے دوبارہ بولیاں مانگنے کا اعلان کردیا تاہم یہ مختصر پراسیس ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر طلال چوہدری کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس ہوا ، وزیر نجکاری علیم خان نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے دوبارہ بولیاں مانگیں گے۔
سیکریٹری نجکاری کمیشن کا کہنا تھا کہ دوبارہ بولیوں کی طرف گئے تو یہ مختصر پراسیس ہوگا کیونکہ نجکاری کے پہلے عمل کے دوران کافی حدتک کام ہوچکا۔
علیم خان نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی دوباری نجکاری کیلئے کام چل رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کا قومی ایئرلائن کی دوبارہ نجکاری پر فوکس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جو سبق سیکھاہے کیا مستقبل میں نجکاری پرکوئی اچھی خبر ملے گی، پی آئی اے میں منافع بخش ادارہ بننے کا پورا پوٹینشل ہے اور آج بھی کہتا ہوں پی آئی اے منافع بخش ادارہ بن سکتا ہے لیکن پی آئی اے کو بیچنا ہے تو حکومت کو بڑا دل کرنا پڑے گا۔
اس سے قبل بھی اجلاس میں وفاقی وزیر نے قومی ایئرلائن کی نجکاری میں ناکامی ایف بی آرپر ڈال دی اور کہا کہ ایف بی آر سے کہا تھا نئے طیاروں کی خریداری پرجی ایس ٹی ہٹا لیں، پوری دنیا میں اس طرح طیاروں پرجی ایس ٹی نہیں لیا جاتا لیکن ایف بی آر اپنے ایک محور کے اندر رہتا ہے جو بات نہیں سمجھتا۔