پنجاب میں ڈائیلسز کے مریضوں کیلیے بڑی خوشخبری
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے باضابطہ طور پر پاکستان کی تاریخ کے پہلے ’چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کارڈ‘ کی منظوری دے دی اور پہلی بار ڈائیلسز کے ہر مریض کے علاج کیلیے فنڈز 10 لاکھ روپے تک بڑھا دیے۔ امراض گردہ میں مبتلا ہر مریض کیلیے ساڑھے 8 لاکھ ڈائیلسز اور ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹ وغیرہ کیلیے مختص کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈائیلسز مریضوں کے مفت ٹیسٹ اور ادویات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور مریضوں کا ڈائیلسز ہر صورت جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔ پنجاب میں مزید ڈائیلسز یونٹ قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا جبکہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلسز سینٹر میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت اور صوبے بھر میں ڈائیلسز سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے ملتان میں ڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔ مریم نواز نے کہا کہ ڈائیلسز کے مریضوں میں ایڈز پھیلنا افسوسناک ہی نہیں شرمناک بھی ہے، فنڈز نہ ہونے کے عذر پر ڈائیلسز رکنا افسوسناک ہے اس کو جاری رہنا چاہیے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کے مریض بھی مفت ڈائیلسز کی سہولت سے فیض یاب ہو رہے ہیں، پنجاب سے فری ادویات سندھ، بلوچستان اور دیگر صوبوں میں جا رہی ہیں۔
خصوصی اجلاس میں ہیلتھ پروگرام اور پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ محکمہ صحت کی کارکردگی کے تعین کیلیے کے پی آئی مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ نواز شریف کینسر اسپتال پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔
مریم نواز نے نواز شریف کینسر اسپتال کا ہیڈ مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ پی آئی سی ٹو اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے زیر تکمیل پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔