خواجہ سراؤں کیلیے گریڈ 15 اور اس سے نیچے کی آسامیوں میں کوٹہ مختص
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے خواجہ سراؤں کیلیے آسامیوں میں 0.5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کر دیا۔
صوبائی حکومت نے خواجہ سراؤں کیلیے گریڈ 15 اور اس سے نیچے کی آسامیوں میں کوٹہ مختص کیا۔ اس حوالے سے محکمہ انتظامی امور نے تمام محکموں کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر خیبر پختونخوا سول سرونٹس قوانین میں ترمیم کر کے خواجہ سراؤں کیلیے کوٹہ مختص کیا گیا۔
یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں سابق خیبر پختونخوا حکومت نے خواجہ سراؤں کیلیے قبرستان کی زمین مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سابق گورنر خیبر پختونخوا غلام علی سے خواجہ سراؤں کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی تھی جس میں کمیونٹی کو درپیش مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا تھا اور اپنے مطالبات بھی ان کے سامنے رکھے تھے۔
وفد نے گورنر کے پی کے سے مطالبہ کیا تھا کہ شہر میں خواجہ سراؤں کیلیے قبرستان کی جگہ مختص کی جائے اور علماء کو ہمارے جنازے پڑھانے پر رضامند کیا جائے۔