مذاکرات بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے شروع ہوں گے، علی امین گنڈاپور
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بانی کو رہا کروانے سمیت تمام مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی کا نعرہ ’اب نہیں تو کب ہم نہیں تو کون‘ کو ثابت کرنے کا وقت آ چکا ہے، قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کریں گے یا انصاف لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عطا اللہ تارڑ کا عمران خان کی رہائی کے حوالے سے اہم بیان
انہوں نے کہا کہ بانی ہماری اور ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم ان کو مایوس نہیں کریں گے، پی ٹی آئی کا نظریہ ہمارا جنون ہے اور جنون مرتا نہیں بڑھتا ہے۔
دوسری جانب، سینئر پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا فیصلہ آیا ہے لہٰذا امید ہے اب جلد بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو جائے گی۔