بلاول بھٹو کا وزیر اعظم سے ملاقات سے انکار
اسلام آباد: حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ حالات میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بلاول بھٹو کی تنقید کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے ملاقات کی درخواست کی گئی تھی۔ حکومت نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف سے مذاکرات کیلیے کمیٹی تشکیل دی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میرا حکومت سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے، میرے ووٹرز اور ہماری صوبائی حکومتوں کی مسلم لیگ (ن) سے شکایات ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب اور خیبر پختونخوا افسران اور انتظامی امور میں ہمیں نظر انداز کر رہی ہے، اتحاد میں طے ہوا تھا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتظامی معاملات میں پیپلز پارٹی بھی حصہ دار ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) دونوں صوبوں کے معاملات میں ہمارے گورنرز سے مشاورت نہیں کر رہی، سندھ اور بلوچستان کے پی ایس ڈی پی منصوبوں پر پیپلز پارٹی کو تحفظات ہیں۔