سری لنکا نے اماراسوریا کو دوبارہ وزیر اعظم مقرر کر دیا
کولمبو: سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے پیر کو ہرینی اماراسوریا کو دوبارہ وزیر اعظم مقرر کر دیا۔
روئٹرز کے مطابق ڈسانائیکے نے تجربہ کار قانون ساز وجیتا ہیراتھ کو بھی دوبارہ وزیر خارجہ مقرر کیا، جب کہ وہ اہم مالیاتی قلمدان اپنے پاس ہی رکھیں گے۔
ڈسانائیکے کے بائیں بازو کے اتحاد نے عام انتخابات میں 225 رکنی پارلیمنٹ میں 159 نشستیں حاصل کی تھیں، ڈسانائیکے نے پیر کو اپنے عہدے کا حلف لیا تھا۔
سری لنکا میں اقتدار کے سنگھاسن پر کئی دہائیوں سے خاندانی جماعتوں کا تسلط رہا ہے، ایسے میں ڈسانائیکے سیاسی طور پر ایک ’بیرونی شخص‘ تھے، جنھوں نے ستمبر میں صدارتی انتخابات میں آسانی سے کامیابی حاصل کی تھی۔
عام انتخابات میں زبردست مینڈیٹ ملنے کے بعد صدر ڈسانائیکے نے پالیسیوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، تاکہ ملک میں غربت اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنے منصوبوں کو آگے بڑھا سکیں۔
یاد رہے کہ 22 ملین آبادی پر مشتمل ملک سری لنکا کو 2022 کے معاشی بحران نے کچل کر رکھ دیا تھا، جس کی وجہ سے غیر ملکی کرنسی کی شدید قلت پیدا ہوئی تھی، اور ملک ڈیفالٹ کر گیا تھا، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مضبوط مینڈیٹ سری لنکا میں سیاسی استحکام کو تقویت دے گا۔