خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں 3 خوارج ہلاک
راولپنڈی: صوبہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 3 خوارج کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں کی گئی جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج حق یار آفریدی اور گلہ جان مارے گئے۔
دوسری کارروائی افغان سرحد سے دراندازی کرنے والے خوارج کے خلاف کی گئی۔ جنوبی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خواج کو ہلاک جبکہ 3 زخمی کیا گیا۔
پاکستان عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے کا کئی مرتبہ کہہ چکا ہے۔ توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔
گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 3 خوارج کو ہلاک اور 2 کو زخمی کیا تھا۔ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر انداز میں کارروائی کی گئی تھی۔
اس سے دو روز قبل بنوں میں دہشتگردوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 12 جوان شہید اور فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارجی ہلاک ہوئے تھے۔