ہمارا دھرنا کامیاب ہوچکا، حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے، عارف علوی
سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمارا دھرنا کامیاب ہو چکا ہے اور حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر پاکستان اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے ہر جانب کنٹینر لگانے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے پر کہا ہے کہ ہمارا دھرنا کامیاب ہوچکا ہے، حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے۔
عارف علوی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات کی باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں، جنہیں اپنی کرسی جاتی نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنما دہشتگرد نہیں ہیں۔ حکومت ہم پر توانائیاں خرچ کرنے کے بجائے اصل دہشتگردوں کو پکڑے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی احتجاج کی کال پر آج ملک کے مختلف علاقوں نے پارٹی رہنماؤں کی قیادت میں قافلے اسلام آباد کے لیے نکل چکے ہیں۔ بانی نے مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک پر احتجاج جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا اس کے علاوہ پارٹی کے مطالبات میں 8 فروری کو چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی اور 26 ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے مطالبات بھی شامل ہیں۔