ٹرمپ کے ساتھی کی نیتن یاہو کی گرفتاری پر برطانیہ کو دھمکی
واشنگٹن: امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی سینیٹر لنزے گراہم نے نیتن یاہو کی گرفتاری کا عندیہ دینے پر برطانوی وزیر اعظم کو دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سیاست دان نیتن یاہو کے آئی سی سی کی گرفتاری کے وارنٹ پر آپے سے باہر ہو گئے ہیں، بائیڈن انتظامیہ نے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے، اور قانون ساز دھمکیاں دے رہے ہیں اور عدالت کے خلاف پابندیوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔
سینیٹر لنزے گراہم نے برطانیہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو گرفتار کیا گیا تو برطانیہ کی معیشت تباہ کر دیں گے۔ سینیٹر لنزے گراہم نے کیئر اسٹارمر پر واضح کیا کہ آئی سی سی کے حکم پر عمل کرنے والے ممالک کو اقتصادی نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا آئی سی سی کا ممبر نہیں ہے اور بائیڈن انتظامیہ نے جمعرات کو وارنٹ کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔
لنزے گراہم نے آپے سے باہر ہوتے ہوئے کہا ’’اگر آپ بحیثیت قوم آئی سی سی کی مدد کرنے جا رہے ہیں، کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ کی تعمیل کریں، تو میں بحیثیت قوم آپ پر پابندیاں لگاؤں گا، آپ کو بدمعاش آئی سی سی کو امریکا کے مقابل چننا پڑے گا۔‘‘