اس نے طیارہ ہائی جیک کیا، تاوان کی بڑی رقم لی، اور چھلانگ لگا کر ہمیشہ کے لیے غائب ہو گیا
امریکا میں 53 سال پہلے ڈین کوپر نامی ایک مجرم تھا، جس نے 1971 میں پورٹ لینڈ اوریگون سے سیئٹل واشنگٹن جانے والا ایک کمرشل طیارہ ہائی جیک کیا اور بعد میں تاوان کی رقم کے ساتھ پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا کر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے غائب ہو گیا۔
یہ 24 نومبر 1971 کی بات ہے، جب ایک شخص سیاہ سوٹ کیس لے کر پورٹ لینڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نارتھ ویسٹ اورینٹ ایئرلائنز کے دفتر کی طرف جا رہا تھا، وہاں اس نے فلائٹ 305 کا یک طرفہ ٹکٹ خریدا جو کہ 30 منٹ کی مسافت کا ٹکٹ تھا، سیئٹل میں ٹاکوما انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں اس آدمی نے اپنا نام ڈین کوپر درج کرایا۔
عینی شاہدین کے مطابق سفید فام ڈین کوپر نے فضائی سفر کے وقت سیاہ رنگ کا سوٹ اور سیاہ ٹائی، سیاہ برساتی کوٹ، اور بھورے جوتے پہنے ہوئے تھے، اس بال سیاہ آنکھیں بھوری تھیں اور وہ چالیس کے پیٹے میں تھا، اس کے ہاتھ میں ایک بریف کیس اور ایک بھورے کاغذ کا بیگ تھا۔ وہ بوئنگ 727 کی فلائٹ میں آخری قطار میں سیٹ 18-E پر بیٹھا اور فلائٹ اٹینڈنٹ سے ڈرنک کے لیے کہا۔
ڈین کوپر نے پورٹ لینڈ اور سیئٹل کے درمیان پرواز کے دوران فلائٹ اٹینڈنٹ کو ایک نوٹ لکھ کر بتایا کہ اس کے بریف کیس میں بم ہے، اگر اس کے مطالبات نہ مانے گئے تو طیارے کو اڑا دے گا، سیئٹل ایئرپورٹ پر اسے مطالبے کے مطابق 2 لاکھ ڈالر اور 4 پیراشوٹس دیے گئے، اور اس نے تمام مسافروں کو اترنے دیا، تاہم دو پائلٹس، ایک فلائٹ انجینئر اور ایک فلائٹ اٹینڈنٹ کو جہاز میں ہی رہنے پر مجبور کیا۔
اس کے بعد اس کی ہدایت پر ایندھن بھروا کر طیارے کو نیو میکسیکو لے جایا گیا، نیواڈا ایئرپورٹ پر پھر ایندھن کے لیے اترے، اور پھر جب طیارے نے ٹیک آف کیا تو آدھے گھنٹے بعد رات کے وقت اس نے پچھلے دروازے سے پیراشوٹ کے ذریعے واشنگٹن میں چھلانگ لگا دی۔